‘وزیراعظم کا رویہ کورونا کیخلاف جنگ میں ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے’

اپ ڈیٹ 30 مارچ 2020 08:50am
فائل فوٹو

لاہور:مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں تیزی سے کورونا کے مریضوں میں اضافہ ہونا تشویشناک ہے،حکومت وائرس کا ٹیسٹ نہ کرنے کے فیصلے سے قوم کی جان خطرے میں ڈال رہی ہے،وزیراعظم کا رویہ کورونا کیخلاف جنگ میں ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے۔

لاہور سے جاری ایک بیان میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں تیزی سے کرونا کے مریضوں میں اضافہ کا فی الفور نوٹس کیاجائے، فوری اقدامات نہ ہوئے توپنجاب میں بالخصوص بڑی تباہی کا اندیشہ ہے۔حکومت کا متاثرین ، ٹیسٹ اور سکریننگ کا اعداد و شمار چھپانا جرم ہے،حقائق چھپانے سے زمینی حقائق چھپ سکتے ہیں نہ ہی کورونا کی پھلتی وباءرک سکتی ہے،وزیراعظم کا رویہ کورونا کیخلاف جنگ میں ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے۔

قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کیلئے حفاظتی لباس کو یقینی بنایا جائے ،ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہسپتالوں میں حفاظتی کٹس ، ادویات اور متعلقہ طبی سہولیات کا شدید فقدان ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ حکومت وائرس کا ٹیسٹ نہ کرنے کے فیصلے سے قوم کی جان خطرے میں ڈال رہی ہے،پنجاب میں ہنگامی بنیادوں پر الگ کورنٹین مراکزکے قیام کو اورلین ترجیح دی جائے ۔